• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے مجرمان کی واپسی کے معاہدے کا مسودہ تیار ہوگیا، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ برطانیہ سے مجرمان کی واپسی کے معاہدے کا مسودہ تیار ہوگیا ہے، جو جلد ہی منظوری کے لیے کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے ان خیالات کا اظہار برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد سے ملاقات میں کیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی شیخ رشید اور طارق احمد کی ملاقات میں سیکیورٹی، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ نے ملاقات سے متعلق اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ملاقات میں کئی اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق شیخ رشید اور طارق احمد کی ملاقات میں فوجداری انصاف کے نظام کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے تعاون مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون پرزور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر کورونا کم شرح کیسز کے باوجود پاکستانیوں کے برطانیہ میں داخلے پر عائد پابندی اٹھانے کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

وزارت داخلہ کے مطابق اس دوران مجرمان کی واپسی کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

شیخ رشید نے دوران گفتگو کہا کہ برطانیہ سے مجرمان کی واپسی کے معاہدے کا مسودہ تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے مسودے کو منظوری کے لیے جلد ہی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہاکہ پاکستان متعدد یورپی ممالک کے ساتھ حوالگی کے معاہدوں پر دستخط کر چکا ہے، برطانیہ کے ساتھ بھی مجرمان کی حوالگی کے معاہدے پر جلد ازجلد دستخط کے خواہاں ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ معاہدے کی عدم موجودگی پر متعدد ہائی پروفائل مجرم پہلے ہی برطانیہ میں پناہ لے چکے ہیں۔

تازہ ترین