• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹی کے منہ سے نکل گیا کہ نواز شریف بیمار نہیں، فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں جان کے خطرے کو مسترد کردیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں فرخ حبیب نے ن لیگی رہنما طلال چوہدری کے نواز شریف کی جان کو پاکستان میں لاحق خطرات کے خدشے پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیلوں میں بہت سارے قیدی سزا کاٹ رہے ہیں، کسی کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اُن قیدیوں کی طرح نواز شریف کو بھی پاکستان میں جان کا کوئی خطرہ نہیں ہے، دراصل وہ سزا سے بھاگے ہوئے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف کیا ورلڈ کپ جیت کر وہاں بیٹھے ہوئے ہیں؟ نوازشریف کا نظریہ ہے کہ اقتدار میں آؤ اور مال بناؤ۔

اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف وطن سے بھاگے ہی اس لیے ہیں کہ انہیں سزا پوری کرنا پڑے گی اور لوٹے ہوئے پیسے واپس کرنا ہوں گے۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی جان کو بیماری کی وجہ سے خطرات لاحق تھے، اب انہیں ملک سے علاج کے لیے گئے ہوئے 2 سال ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت سے ضمانت اس لیے ملی تھی کہ پلیٹ لیٹس کم ہوگئے دل کے دورے پڑ رہے تھے، اب بیٹی مریم نواز کے منہ سے نکل گیا کہ نواز شریف بیمار نہیں ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ چور چاہے تین بار کا وزیراعظم ہو قانون سب کے لیے یکساں ہے، نواز شریف آئیں پاکستان ان کے لیے کوئی خصوصی ٹریٹمنٹ نہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ نیب کی عدالت نے ان کو اثاثوں کے ذرائع نہ بتانے پر سزا سنائی ہے، عمران خان نے عدالت میں 40 سال کی کمائی کا حساب دیا ہے۔

تازہ ترین