عثمان کاکڑ کا سیاسی کردار اور جدوجہد طلباء کیلئے مشعل راہ ہے، پشتون ایس ایف

June 25, 2021

کوئٹہ(پ ر)پشتون ایس ایف کے صوبائی پریس ریلیز میں شہید عثمان خان کاکڑ کی موت پر گہرے رنج و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انکی رحلت سے پشتون قوم ایک بہترین سیاستدان اور رہنما سے محروم ہوگئی۔عثمان کاکڑ نے ہمیشہ مظلوم اقوام کیلئے بھرپور آواز بلند کی، انکی کمی ہمیشہ محسوس کی جائیگی۔ زمانہ طالبعلمی سے پارلیمان تک وہ ایک نڈر، بے باک اور حق گو آواز تھے۔ پشتون سیاست میں عثمان کاکڑ جیسے لوگ اور کردار مدتوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ سینیٹرعثمان کاکڑ نے ملک میں جمہوریت، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کیلئے بھرپور آواز اٹھانے کا حق ادا کیا۔بیان میں کہا گیا کہ پشتون ایس ایف دکھ کی اس گھڑی میں ملی مشر اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر اصغر خان کی ہدایات کے مطابق پشتونخوا میپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہیگی۔ پشتون ایس ایف عثمان لالا کے جمہوری اور قومی سیاسی کردار کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔پشتونخوا وطن میں عثمان لالا کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ ہم عثمان خان کاکڑ کی موت کو ایک ناقابل تلافی نقصان سمجھتے ہیں۔ عثمان خان کاکڑ کے سیاسی کردار، جدوجہد اور طرز حیات کو پشتون طلباء کیلئے مشعل راہ سمجھتے ہیں.،چونکہ عثمان کاکڑ نچلے طبقے اور طلباء سیاست سے ابھرنے والا وہ ستارہ ہے جس نے اپنے موقف پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور نہ ہی کبھی جھکے نہ کبھی پیچھے ہٹے اور مسلسل اپنے موقف پہ ڈٹے رہے اسلئے ہمیں عثمان لالا کو زندہ رکھنے کیلئے اُن کے فکر کو فروغ دینا ہوگا اور انکی طرح بے لوث خدمت کا جذبہ اپنانا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ سینیٹر عثمان کاکڑ کے خاندان کے خدشات دور کرنے کیلئے انکی موت کی تحقیقات کی جائے۔ لواحقین کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ تحقیقات کے ذریعے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات کو بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔