میں اداکارہ نہیں ایئروناٹیکل انجینئر بننا چاہتی تھی: صبور علی

June 26, 2021

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبور علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کبھی بھی اداکارہ بننے کا شوق نہیں رکھتی تھیں بلکہ وہ ہمیشہ سے ہی ایئروناٹیکل انجینئر بننا چاہتی تھیں تاہم کچھ حالات کی وجہ سے اور کچھ ان کی والدہ کی خواہش پر انہوں نے شوبز میں قدم رکھا۔

صبور علی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیا، جس میں اُنہوں نے شوبز انڈسٹری کا حصہ بننے کی خواہش کے بارے میں کیے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’ان کے حالات انہیں شوبز انڈسٹری میں لے آئے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’اُن کی بہن اداکارہ سجل علی اپنے شوق سے شوبز انڈسٹری میں آئی تھیں لیکن وہ بہت نخرے کرکے آئیں کیونکہ وہ اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی تھیں۔‘

صبور علی نے مزید کہا کہ ’انہیں اب یہ کہتے ہوئے اچھا تو نہیں لگتا کیونکہ انہیں شوبز انڈسٹری میں جو بھی کچھ ملا ہے اس کے لیے بہت محنت بھی کی ہے۔‘

والدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ’ان کی والدہ انہیں بھی ان کی بہن سجل کی طرح آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی تھیں۔‘

واضح رہے کہ اسی انٹرویو کے دوران صبور علی نے کہا تھا کہ ٹاک شوز کے میزبان اپنے مقاصد کے لیےجان کر اُن سے اُن کی والدہ کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔

صبور علی کا کہنا تھا کہ ’ہم بہن بھائیوں کے لیے ہماری والدہ کے بارے میں گفتگو کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہم جذباتی ہوجاتے ہیں اور دل بھر آتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ٹاک شوز کے میزبان صرف اپنے شو کی ریٹنگ کے مقصد کی خاطر مجھ سے اس بارے میں لازمی سوالات کرتے ہیں۔‘