عامر خان اور کرن راؤ کی نئی تصویر وائرل

July 10, 2021

حال ہی میں طلاق لینے والے بالی ووڈ اداکار عامر خان اور کرن راؤ کی نئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ان دنوں عامر خان اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اب لداخ میں فلم کے چند مناظر شوٹ کیے جارہے ہیں۔

اس ضمن میں عامر خان کی فلم میں اُن کے ساتھ اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم کی شوٹنگ کی نئی تصویر شیئر کی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں عامر خان کے ساتھ اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ بھی موجود ہیں جبکہ فلم کے دیگر اداکاروں کو بھی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکار نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’وہ شکرگزار ہیں۔‘

عامر خان اور کرن راؤ کو ایک ساتھ دیکھ کر اُن کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔

عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

تاہم حال ہی میں دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔