مریم نواز کی دورانِ جلسہ والد سے ویڈیو کال کے چرچے

July 16, 2021

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر الیکشن مہم کیلئے پلندری میں جلسے کے دوران والد سے ویڈیو کال پر بات کی اور اسی ویڈیو کال کی ایک تصویر اپنی پروفائل پر بھی لگادی ہے۔

والد سے ویڈیو کال اور پھر جلسے کے شرکاء کو میاں محمد نواز شریف کی ایک جھلک دکھائے جانے کے بعد عوام کے ردعمل کو بھی انہوں نے سراہا۔

انہوں نے ویڈیو کال کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ویڈیو کال پر میاں محمد نواز شریف کی صرف ایک جھلک دیکھنے پر لوگوں کا ردعمل قابلِ دید تھا۔‘

اکبر علی نامی صارف نے مریم نواز کی تصویر پر کیپشن لکھا کہ ’یہ تصویر کیسی تصویر ہے، عکس ہاتھ میں ہے اسی کا، جسکی ہوبہو خود تصویر ہے۔‘مریم نواز کو یہ کیپشن خوب بھایا، کیپشن پر پسندیدگی کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔

واضح رہے کہ مریم نواز آج کل آزاد کشمیر الیکشن 2021 کیلئے نون لیگ کی جانب سے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔