کشمیریوں کی جدوجہد زمین کی نہیں، انسانی حقوق کی ہے، وزیراعظم عمران خان

July 23, 2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد زمین کی نہیں، انسانی حقوق کی ہے۔

کوٹلی آزاد کشمیر میںانتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جتنا مرضی ظلم کرلیں، آزادی کا جذبہ کسی صورت نیچے نہیں جائے گا، اُدھر کشمیری جدو جہد کررہے ہیں، ادھر میں کشمیریوں کا سفیر ان کے لیے جدوجہد کرے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ آپ کے پاس دو پرانی جماعتوں کے لوگ آرہے ہیں،ان سے پوچھیں عوام کی زندگی بہتر کرنے کے لیے کیا کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہیں پانچ پانچ سال ملے تھے، پوچھیں دنیا میں کشمیر کا کتنا کیس لڑا؟

عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان کو دہشت گرد کہتا تھا، ملک کا وزیراعظم اسے شادیوں میں بلاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی حکومت میں ملک میں ڈرون حملے ہوتے تھے، میرے ہوتے ہوئے کیوں نہیں ہوتے؟

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ امریکا کا قصور نہیں، ہمارے اپنے لوگوں نے اجازت دی ہوئی تھی اور ان کی منافقت دیکھیں، عوام میں مذمت کرتے تھے اور امریکا کو حملےکی اجازت دی ہوئی تھی۔

اُن کا کہنا تھاکہ ریفرنڈم کے ذریعے آپ فیصلہ کریں گے کہ آپ ہمارے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا آزاد رہیں گے۔

دوران خطاب وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے ہر خاندان کے ایک فرد کو بلاسود قرضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔