وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کو پاکستان کا صوبہ بنانے سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
تراڑ کھل میں انتخابی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ایک دن آئے گا کشمیری فیصلہ کریں گے کہ انہیں پاکستان کے ساتھ رہنا ہے یا وہ آزاد رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت ایک اور ریفرنڈم کرائے گی، کشمیری فیصلہ کریں گے پاکستان کے ساتھ رہنا ہے یا وہ آزاد رہنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کشمیر کے لوگ یہ فیصلہ کریں گے کہ ان کا مستقل کیا ہوگا، انتخابات سے قبل دھاندلی کی باتیں شروع کردی گئی ہیں۔
آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ہے، عملہ ان کا ہے، الیکشن کمیشن ان کی پسند کا ہے اور الزام یہ ہے کہ دھاندلی ہم کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی جیم خانہ میں میچ کھیلنے آتا تھا اپنے امپائر ساتھ لے کر آتا تھا، تب سے اِن کو اپنے امپائر کھڑے کرنے کی عادت پڑگئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف جب آؤٹ ہوتا وہ امپائر نو بال کردیتے تھے، 1986 میں پہلی مرتبہ پاکستان میں نیوٹرل امپائر لائے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں کرکٹ کھیلتا تھا ہر ملک اپنا امپائر کھڑا کرتا تھا، جن ٹیموں کو ہار کا ڈر ہوتا وہ پہلے ہی کہہ دیتے کہ امپائر ہرادیں گے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ایک سال سے اپوزیشن کو دعوت دے رہے ہیں کہ ہم سے شفاف الیکشن کے لئے بات کرو، لیکن یہ ہم سے بات ہی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک سے سال کہہ رہے ہیں لیکن یہ بات ہی نہیں سن رہے، اب اپوزیشن پھر دھاندلی کی باتیں کر رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری سب سے پہلے کوشش ہوگی کہ آزاد کشمیر میں غربت کم کی جائے، ایسا نظام لارہے ہیں کہ عام کھانے پینے کی چیزیں لوگوں کو سستی ملیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام غربت ختم کرنے کا سب سے بڑا پروگرام ہے، دسمبر تک 40 فیصد نچلے طبقے کو کھانے پینے پر سبسڈی دیں گے، ہرخاندان کے فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر خاندان کے ایک فرد کو سود کے بغیر قرضہ دیا جائے گا، کامیاب جوان پروگرام کے لیے اربوں روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے لوگوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا، میرا ایمان ہے کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی۔
عمران خان نے کہا کہ جس قوم نے آزادی کیلئے قربانی دی اسےحق ملنا چاہیے، میرا ایمان ہے کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، انشاء اللّٰہ کشمیر میں ریفرنڈم ہوگا۔