شاہ رخ، سلمان اور اکشے کمار کا فلمی دور ختم ہورہا ہے، پریا درشن

July 24, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فلم ڈائریکٹر پریا درشن نے بڑی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان سمیت سلمان خان اور اکشے کمار کا فلمی دور ختم ہو رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ بولی وڈ فلمساز کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں ناظرین غیر مستند فلموں کو مسترد کردیتے ہیں کیونکہ انڈسٹری اب تبدیل ہوچکی ہے تاہم ان تمام لوگوں کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے چاہے و شاہ رخ ہوں، سلمان یا اکشے کہ وہ سپر اسٹار ہونے کا لطف اب بھی اٹھا رہے ہیں کیوں کہ آنے والے دور میں سپر اسٹار اداکار نہیں بلکہ فلم کا مواد ہوگا۔چار دہائیوں سے مختلف نوعیت کی سپر ہٹ فلمیں بنانے والے پریا درشن نے کہا کہ موجودہ دور کی فلمیں حقیقت پسندانہ موڑ لے رہی ہیں، اب چاہے وہ مزاحیہ ہو ں یا ایک سنجیدہ، فلم بنانے والے کو صحیح نظر آنا چاہیے۔ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا اب کوئی قابل اعتماد دکھائی دینے والی فلم ناکامی کا شکار ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ بھارتی فلمساز پریادرشن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1980 کی دہائی میں ملیالم اور تامل فلم انڈسٹری سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے سنہ 2000 میں سپر ہٹ فلم ’ہیرا پھیری‘ میں ڈائریکشن کر کے انڈسٹری میں انٹری دی۔واضح رہے کہ پریادرشن بالی وڈ کے نامور اداکاروں بشمول شاہ رخ خان کے ساتھ 2007 میں ’بلو باربر‘ نامی فلم جبکہ سلمان خان کے ہمراہ ’کیوں کی‘ اور اکشے کمار کے ساتھ ’ہنگامہ، گرم مصالحہ اور ہیرا پھیری‘ سمیت دیگر فلموں کو ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔