تحریک انصاف کے چار امیدوار وں کو نااہل قرار دینے کی سفارش

July 24, 2021

مظفرآباد(نمائندہ جنگ)ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے پاکستان تحریک انصاف کے چار امیدواران اسمبلی کو نااہل قرار دینے کی سفارش کردی، خواجہ فاروق ،میر عتیق الرحمن،راجہ منصور د اور چوہدری شہزاد محمود الیکشن کمیشن کی عدولی کے مرتکب قرار، علی امین گنڈا پور کی پابندی کے باوجود مظفرآباد آمد اور پی ٹی آئی کے امیدواروں سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کوبھیج دی گئی،فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مظفرآباد منیر احمد فاروقی نے 17جولائی کو وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی جانب سے مظفرآباد جلسے میں پابندی کے باوجود شرکت پر نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چار امیدواران اسمبلی خواجہ فاروق احمد،میر عتیق الرحمن،راجہ منصور احمد اور چوہدری شہزاد محمود کو الیکشن کمیشن کی عدولی مرتکب قرار دیتے ہوئے الیکشن ایکٹ 2020ء کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان امیدواران کی نااہلی کی سفارش کردی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن آزادکشمیر سردار غضنفر خان ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مظفرآباد کی جانب سے بھیجی گئی رپورٹ کی تصدیق کردی ہے الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اس پر فیصلہ کریں گے ۔