جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے کا معاملہ، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بدھ کو طلب

July 25, 2021

اسلام آباد (جنگ رپورٹر )جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے چیئر مین / چیف جسٹس گلزار احمد نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے 28جولائی 2021 کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس طلب کرلیا ہے ، اس سے قبل 13جولائی کو منعقدہ اجلاس میں جسٹس محمد علی مظہر سے متعلق معاملہ کو موخر کردیا گیا تھا ،یاد رہے کہ جسٹس محمد علی مظہر سندھ ہائی کورٹ میں سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر آتے ہیں اور ان سے چار سنیئر ترین ججو ں میں،چیف جسٹس احمد علی شیخ،جسٹس عرفان سادات خان،جسٹس عقیل احمد عباسی اورجسٹس حسن اظہر مرزا شامل ہیں،یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک جونیئر جج کو سپریم کورٹ میں ترقی دینے پر غور کرنے کے عمل کو الجہاد ٹرسٹ کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم قرار دیتے ہوئے اس عمل کی پرزور مخالفت کی تھی اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے پچھلے اجلاس کے روز ملک بھر میں ہڑتال کرتے ہوئے عدالتوںکا بائیکاٹ کیا تھا ، اسی بناء پر یہ معاملہ موخر کردیا گیا تھا ۔