• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے سال کے آغاز پر پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا، ترجمان دفتر خارجہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز پر پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا۔

طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت سال میں 2 بار قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں، پاکستان میں257 بھارتی قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا گیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نیوکلیئر انسٹالیشن کی فہرست کا بھی تبادلہ یکم جنوری کو کیا جاتا ہے۔

’پاکستان یمن کی صورتحال معمول پر لانے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے‘

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان یمن میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے علاقائی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور یمن کے تنازعے کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، پاکستان مذاکراتی اور سفارتی حل کا حامی ہے اس لیے یمن میں امن کے لیے علاقائی کوششوں کی حمایت اور کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بنگلادیش کے سابق وزیراعظم کی نماز جنازہ میں پاکستان کی نمائندگی کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ خالدہ ضیا کے بیٹے اور بیٹی سے تعزیت بھی کی۔

طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان اسرائیل کی طرف سے صومالی لینڈ کو الگ ملک تسلیم کرنے کے اقدام کو مسترد کرتا ہے اور صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تائیوان پر چین کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، پاکستان تائیوان سمیت چین کے تمام کور ایشوز پر چین کی حمایت کرتا ہے، ہم سب کو کسی بھی ایسی کوشش سے باز رہنے کا کہتے ہیں جس سے تناؤ بڑھے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر عمل کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت سے سندھ طاس آبی کمشنر پاکستان کے سوالات کا جواب دینے کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو سوالات بھیجے ہیں۔

طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی ملک بدری کے کسی بھی اقدام کو مسترد کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید