• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز میں ہر کوئی ایک دوسرے کیلئے کینہ اور بغض رکھتا ہے: نعمان اعجاز

نعمان اعجاز — فوٹو: اسکرین گریب
نعمان اعجاز — فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور سینئر اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں ہر کوئی ایک دوسرے کے لیے کینہ اور بغض رکھتا ہے۔

حال ہی میں باصلاحیت اداکار نے ایک انٹرویو دیا جہاں انہوں نے ہدایتکارہ و اداکارہ سنگیتا کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ ہدایتکارہ نے انہیں غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ میں نے اتنے برسوں میں یہ جان لیا ہے کہ ہماری انڈسٹری میں سب کینہ رکھتے ہیں۔

اداکار کا کہنا ہے کہ اگر آپ کسی مجبوری کے تحت یا کسی بھی وجہ سے کسی پروجیکٹ سے انکار کر دیتے ہیں تو وہ لوگ اسے دل میں بٹھا لیتے ہیں کہ اس نے مجھے انکار کیا تھا، اس لیے میں اس کے ساتھ دوبارہ کام نہیں کروں گا۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ الحمدللّٰہ اس فیلڈ میں میرے بہت زیادہ دشمن ہیں، کہتے ہیں آپ کے دشمن جتنے زیادہ ہوں اللّٰہ تعالیٰ آپ کو اتنی کامیابیاں دیتا ہے، لیکن میں نہیں چاہتا کہ میرا بیٹا بھی یہ سب برداشت کرے، اس طرح کی ذہنیت رکھنے والے لوگوں میں وہ بھی پھنس جائے، لیکن اگر یہ اس کی قسمت میں ہے تو میں کچھ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے زاویار سے کہا ہے کہ میری دعا ہے کہ جو لوگ مجھ سے بغض رکھتے ہیں وہ تم پر نہ نکالیں، لیکن بدنصیبی ہے کہ ایسے لوگ مختلف طریقوں سے بغض نکال رہے ہیں۔ انشاء اللّٰہ وہ (زاویار) ٹھوکر کھا کر سمجھ جائے گا، اچھا اور بڑا انسان بننے کے لیے ٹھوکر کھانا بہت ضروری ہے۔

سینئر اداکار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ نئی نسل کی توجہ زیادہ ایکسپوژر کی وجہ سے بھٹک رہی ہے، وہ ایکسپوژر جو انہیں سوشل میڈیا کی وجہ سے مل رہا ہے، کیونکہ سوشل میڈیا سے باآسانی پیسے کما سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فنکاروں کو لے کر ماضی میں جو تجسس پایا جاتا تھا، آج سوشل میڈیا کی وجہ سے کم ہوگیا ہے کیونکہ فنکار اب پیسوں کی خاطر سوشل میڈیا پر ہر چیز پوسٹ کرتے ہیں، جب فنکار ہر دوسرے پیج یا سائٹ پر نظر آئیں گے تو پرستاروں میں انہیں دیکھنے کی چاہ اور تجسس ختم ہوجاتا ہے۔

ان کے مطابق آج فنکار اپنے ہنر پر نہیں بلکہ اپنے ظاہر کو بہتر بنانے پر توجہ مکوز کیے ہوئے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید