کشمیری خودمختار رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو مسلط نہیں ہونگے، علی امین گنڈاپور

July 25, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی کشمیر میں استصواب رائے کروانے کی بات کی ہے، کشمیری استصواب رائے میں پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کریں گے، کشمیری خودمختار رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ان پر مسلط نہیں ہوں گے،پابندی لگنے کے بعد میں نے کہیں جلسے نہیں کئے، آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے ساتھ رہنا وفاقی وزیر امور کشمیر کے فرائض میں شامل ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر اور آزاد کشمیر میں جیو نیوز کے نمائندگان سے بھی گفتگو کی گئی۔نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان الیکشن چھیننے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، آزاد کشمیر میں ن لیگ کے جلسے پی ٹی آئی کے جلسوں سے کہیں بڑے تھے ، مریم نواز کے جلسوں میں عوام کا جوش و خروش بھی نمایاں تھا، آزاد کشمیر میں تمام انتخابی عمل صاف و شفاف طریقے سے ہونا چاہئے، انتخابات میں مقبولیت کا پیمانہ جلسے نہ ہوں تو پھر کہیں جلسے نہیں ہوں، ماضی قریب میں جو ہوتا رہا ہے انتخابی عمل پر خدشات کا اظہار تو کریں گے، عمران خان ملٹی پارٹی سسٹم پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔