• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا: فیصل کریم کنڈی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، ماضی میں بھی پی ٹی آئی نے مذاکرات کو سبوتاژ کیا ہے۔

جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ مذاکرات اگر ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی اپنی سزا بھگتیں گے، این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق پیپلز پارٹی سے ابھی بات نہیں ہوئی، مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین پیپلز پارٹی کوئی بیان دیتے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک شخص کے لیے صوبے کو تباہ کیا ہوا ہے، پی ٹی آئی کو چاہیے کہ اپنے صوبے پر بھی توجہ دے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 16 مہینے کی حکومت میں ہم نے اتحادیوں اور پی ٹی آئی کو بٹھایا تھا، اس کے بعد پی ٹی آئی نے 9 مئی جیسے واقعات کیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ سیاسی مسئلے کا حل سیاست دان نکالیں، پی ٹی آئی قیادت ایک طرف کہتی ہے کہ مذاکرات کرتے ہیں، دوسری طرف بانی پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی سے متعلق انتشار انگیز ٹوئٹ کرتے ہیں۔

گورنر کے پی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی فیصلہ کرلے کہ ان کا اختیار کس کے پاس ہے؟ پی ٹی آئی والوں کا ایک دوسرے پر اعتماد ہی نہیں ہے۔

فیصل کنڈی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کا نام دیا، پتہ نہیں ان لیڈرز کی ایکسپائری تاریخ کب ہے؟ پی ٹی آئی کا کسی سے کام ختم ہو جائے تو اسے فارغ کر دیتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید