• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2026 میں بچوں کی پرورش کیلئے بہترین ممالک کون سے ہیں؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بچوں کی بہترین پرورش والدین کی سب سے بڑی ذمہ داریوں میں سے ایک ہے، اور جس ملک میں رہتے ہیں وہ بچوں کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

عالمی رپورٹس اور عمومی درجہ بندیوں کی بنیاد پر بچوں کی پرورش کے لیے بہترین ممالک وہ سمجھے جاتے ہیں جہاں معیاری تعلیم، صحت کی بہتر سہولتیں، محفوظ ماحول، والدین کے حقوق اور اعلیٰ معیارِ زندگی میسر ہو۔

یہی وجہ ہے کہ آج کے والدین بھی صرف تنخواہوں اور ملازمت کے مواقع تک محدود نہیں رہے بلکہ وہ تحفظ، معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں اور مجموعی معیارِ زندگی کو ترجیح دے رہے ہیں اور یہ عوامل بعض ممالک کو خاندانوں کے لیے مثالی بناتے ہیں۔

گلوبل سٹیزن سلوشنز کی 2026 کی رپورٹ ایسے ہی ممالک کی نشاندہی کرتی ہے جو ان تمام معیارات پر پورا اترتے ہیں۔ درج ذیل ممالک اس فہرست میں سرفہرست شمار ہوتے ہیں۔

فن لینڈ 

فن لینڈ اپنے عالمی معیار کے تعلیمی نظام، مفت اور اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولتوں، بچوں پر کم تعلیمی دباؤ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے وسیع مواقع کی وجہ سے اس فہرست میں سرِ فہرست ہے۔

گلوبل پیس انڈیکس 2025 کے مطابق یہ دنیا کے 10 محفوظ ترین ممالک میں شامل ہے۔ طلبہ سائنسی تعلیم میں او ای سی ڈی کی اوسط سے بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں جبکہ صحت کا نظام ہمہ گیر اور سرکاری فنڈ سے چلتا ہے۔ والدین بننے والے جوڑے کو 160 دن کی بااجرت رخصت ملتی ہے، جو بچے کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کافی ہے۔ 

ڈنمارک

فہرست میں دوسرے نمبر پر ڈنمارک ہے، جہاں انسان دوست پالیسیاں نمایاں ہیں۔ ڈنمارک میں بچوں کی پیدائش پر والدین کو 52 ہفتوں یعنی سال بھر کی سب سے زیادہ چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ محفوظ اور خوشحال معاشرہ اور بچوں کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ اسے بچوں کے لیے انتہائی موزوں ملک بناتی ہے۔ ڈنمارک عالمی خوشی کے اشاریے میں فن لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

سویڈن

سویڈن کا تعلیمی نظام ریاضی، مطالعہ اور سائنس میں او ای سی ڈی کی اوسط سے بہتر ہے۔ سویڈن میں والدین کو 480 دنوں تک کی چھٹیوں کی سہولت حاصل ہے۔ یہ ملک صنفی مساوات اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کو بھرپور انداز میں فروغ دیتا ہے۔ صحت کا نظام نوردک ماڈل کے تحت ہمہ گیر اور ٹیکس سے فنڈڈ ہے۔ 

نیدرلینڈز

نیدرلینڈز متوازن تعلیمی نظام اور آزاد و مثبت ماحول فراہم کرتا ہے، جہاں بچے بہتر انداز میں ترقی کر سکتے ہیں۔ مضبوط عوامی نظام اور واضح امیگریشن راستے نیدرلینڈز کو چوتھے نمبر پر لے آتے ہیں۔ طلبہ ریاضی میں بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں جبکہ سائنس میں بھی مناسب نتائج حاصل کرتے ہیں۔ صحت کا نظام ڈچ ہیلتھ کیرئیر سسٹم کے ماتحت ہے، یہاں والدین کو 26 ہفتوں کی رخصت ملتی ہے۔

ناروے 

ناروے فطرت سے جڑی بچپن کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جسے ریاستی معاونت حاصل ہے۔ والدین کو طویل بااجرت رخصت ملتی ہے اور بچے قدرتی ماحول میں پرورش پاتے ہیں۔ ناروے کا مضبوط سماجی فلاحی نظام، صاف ستھرا قدرتی ماحول اور محفوظ معاشرہ بچوں کی بہتر نشوونما کے لیے اہم عوامل سمجھے جاتے ہیں۔ ہمہ گیر صحت کا نظام اور اسکلڈ ورکر راستے خاندانوں کی منتقلی کو آسان بناتے ہیں۔

کینیڈا

کینیڈا اپنے اعلیٰ معیار تعلیم اور صحت کے نظام کے باعث عالمی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا کثیرالثقافتی اور محفوظ معاشرہ بچوں کی پرورش کے لیے مثالی سمجھا جاتا ہے۔ ایکسپریس انٹری اور اسٹارٹ اپ ویزا پروگرام خاندانوں کو مستقل رہائش کے ساتھ منتقلی کا موقع دیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ اپنے شہریوں کو قدرتی، پُرامن اور خاندان دوست ماحول فراہم کرتا ہے، جہاں بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما پر یکساں توجہ دی جاتی ہے۔ نیوزی لینڈ میں زندگی کی رفتار نسبتاً سست اور کمیونٹی اقدار مضبوط ہیں۔ سرکاری صحت کا نظام بچوں کے اخراجات کم رکھتا ہے۔

سوئٹزرلینڈ

سوئٹزرلینڈ اعلیٰ معیارِ زندگی، محفوظ ماحول اور مضبوط تعلیمی نظام کا امتزاج پیش کرتا ہے، جو بچوں کی ہمہ جہت تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جرمنی

جرمنی اپنی منظم ساخت اور خاندانوں کے لیے کم لاگت کی وجہ سے نمایاں ہے۔ ڈے کیئر کی سہولتوں میں اضافہ، مضبوط سرکاری اسکول اور دوہرا تعلیمی نظام بچوں کو کامیابی کے متعدد راستے فراہم کرتا ہے۔ بچوں کو صحت کی سہولتیں مکمل مفت طور پر حاصل ہیں۔

پرتگال 

پرتگال اپنے پُرسکون طرزِ زندگی اور خاندان دوست اخراجات کے باعث نمایاں ہے۔ بین الاقوامی اسکولوں میں اضافہ اور بہتر ہوتی سرکاری تعلیم والدین کو متوجہ کرتی ہے۔

یہ ممالک گزشتہ چند برسوں سے مسلسل اُن والدین کے لیے بہترین سمجھے جاتے ہیں جو اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل، بہتر مواقع اور مجموعی فلاح و بہبود کے خواہاں ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید