ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ، امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

July 26, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر میں ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے تحت ہونے والے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 28جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر انصار کے مطابق امتحانی فارم لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ مقررہ آخری تاریخ کے بعد فارم وصول نہیں کیے جائیں گے جبکہ امتحانات بدھ 11 اگست سے شروع ہوں گے۔ امتحانات میں سائنس، انجینئرنگ اور فنون عامہ گروپ کے پچیس ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات شرکت کریں گے جس کیلئے کراچی سمیت سندھ بھر میں بائیس امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔امتحانی عمل کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کیلئے جدید طریقہ امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ہر امتحانی کاپی پر بار کوڈ کا نشان موجود ہوگا، کاپیوں کی مینوئل اور کمپیوٹرائزڈ جانچ کی جائے گی تاکہ نتائج کی شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے امتحانات میں کوویڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر آنے والوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، بغیر ماسک طلبہ و طالبات سمیت اساتذہ اور دیگر عملے کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔