خیبر پختون خوا حکومت کو 15 سال میں وفاق سے 8 ہزار 4 سو ارب روپے سے زائد ملے ہیں۔
وزارتِ خزانہ نے دستاویز جاری کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2010ء سے این ایف سی کے تحت خیبر پختون خوا حکومت کو 5 ہزار867 ارب روپے ادا کیے گئے، این ایف سی کے تحت صوبوں کو ہر 15 دن میں فنڈز ملتے ہیں۔
خیبر پختون خواحکومت کے کوئی بقایا جات نہیں ہیں، 17 دسمبر 2025ء سے خیبر پختون خوا حکومت کو 46 ارب روپے سے زائد جاری ہوئے۔
2010ء سے دہشت گردی کے اضافی بوجھ پر خیبر پختون خوا حکومت کو ایک فیصد اضافی دیا گیا، اب تک اس مد میں 705 ارب روپے دیے گئے ہیں۔
نئے ضم شدہ اضلاع کے لیے وفاق نے اپنے حصے سے 2019ء سے اب تک 704 ارب روپے منتقل کیے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ وفاق سے صوبے کو صرف 2200 ارب روپے ملے ہیں۔