مانچسٹر میں سالانہ کرسمس پریڈ نے اس سال بھی ہزاروں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا، جہاں شہر کی سڑکیں رنگ، روشنی اور موسیقی سے سجی رہیں۔
2022ء میں آغاز کے بعد سے یہ پریڈ ناصرف عوام میں بے حد مقبول ہو چکی ہے بلکہ اسے ملک کی سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والی تہوار کی تقریبات میں شمار کیا جانے لگا ہے۔
اس مرتبہ پریڈ میں 400 سے زائد فنکاروں اور کرداروں نے حصہ لیا، جس نے اسے اب تک کی سب سے بڑی اور شاندار تقریب بنا دیا۔
بارش کے باوجود عوام کی بڑی تعداد پریڈ میں موجود رہی اور پریڈ شہر کی مصروف سڑکوں سے گزرتی ہوئی ہر عمر کے افراد کو محظوظ کرتی رہی۔
پریڈ کا آغاز رینڈیئر اینسمبل نے کیا، جو 8 ہم آہنگ رقص پیش کرنے والے رینڈیئرز پر مشتمل تھا، ان کی جاندار پرفارمنس نے تقریب کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔
اس سال کا خاص اضافہ فیسٹیو فینٹسی کینڈی لینڈ کیسل تھا، ایک دیومالائی میٹھوں کی دنیا سے متاثر قلعہ جو 4 میٹر سے زیادہ بلند تھا اور کینڈی کین اسٹلٹ واکرز سے گھرا ہوا تھا، اپنی دلفریب رنگت اور گھومتی ہوئی ساخت کے باعث اس نے بچوں اور بڑوں دونوں کو بے حد متاثر کیا۔
پریڈ میں ایک دیوہیکل افسانوی اژدہا بھی شامل تھا جو بچوں سے سلام دعا کرتا ہوا راستے پر آگے بڑھتا رہا، اس کے علاوہ ایک بڑا قطبی ریچھ، خوبصورت آرکٹک لومڑی، دیوقامت رینڈیئرز اور اب تک کی سب سے بڑی کرسمس ٹری فیری نے بھی شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔
جیک فروسٹ اور اس کی برفیلی ٹیم، شوخ سپراؤٹس، گھومنے والی کرسمس ٹری، چمکتی گلیٹر بیلز اور پہیوں پر سوار 2 بگڑیل دادا بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
مانچسٹر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 10 کمیونٹی گروپوں نے بھی رقص، موسیقی اور مختلف کرداروں کی صورت میں پریڈ میں حصہ لیا، جو کہ مقامی افراد کی بھرپور شمولیت کا مظہر تھا۔
تقریب کے دوران براہِ راست موسیقی بھی پیش کی گئی، جن میں بلوکو بینڈ، فیانا فادریگ پائپ بینڈ، فیٹ کیٹ براس اور مشہور اسٹریٹ پرفارمر ایلٹن رونگ شامل تھے، جو موبائل اسٹیج پر مقبول گیت پیش کرتے ہوئے عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
پریڈ کا اختتام فادر کرسمس کی آمد کے ساتھ ہوا، جو مانچسٹر کی اپنی ’ایلف ایکسپریس‘ پر سوار ہو کر پہنچے۔
پریڈ مکمل ہونے کے بعد انہوں نے سینٹ اینز اسکوائر میں بچوں اور خاندانوں سے غیر متوقع ملاقات کی اور ان کی کرسمس کی خواہشات بھی وصول کیں۔