قلم اور گفتگو (انٹرویوز)

August 01, 2021

مصنّف: ڈاکٹر چوہدری تنویر سرور

صفحات: 160، قیمت: 600 روپے

ناشر: ایف جے پبلشرز، لاہور۔

صاحبِ کتاب کا بنیادی تعلق شعبۂ طب سے ہے، لیکن ایک ادیب اور صحافی کے طور پر بھی ان کی نمایاں شناخت ہے۔ زیرِ تبصرہ کتاب مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی 31معروف اور غیرمعروف شخصیات کے انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ مجیب الرحمان شامی، سہیل وڑائچ اور قاسم علی شاہ جیسے معتبر قلم کاروں کی آراء سے کتاب کی اہمیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں، مصنّف کا انٹرویو بھی شامل ہے، جو ایک روزنامے کے لیے عامر شاہ نے کیا تھا۔

یہ وہ انٹرویوز ہیں، جو انہوں نے مختلف اخبارات اور ادبی جرائد کے لیے کیے ۔ بعض سوالات، نہایت دِل چسپ اور توجّہ طلب ہیں۔ انہوں نے دورانِ انٹرویوز طوالت سے گریز کیا ہے۔ مختصر نویسی بھی ایک فن ہے۔مصنّف کی مجموعی طور پر سات کتابیں شایع ہوچُکی ہیں، جن میں سے پانچ کتابیںکمپیوٹر ، جب کہ دو ادب سے متعلق ہیں۔

انہوں نے انٹرویوز کے لیے جن شخصیات کا انتخاب کیا ہے، ان میں سے کئی معاشرے کی زیریں یا درمیانی سطح پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں،تو ان کے احساسات، تجربات اور خیالات سے آگاہی پاکستانی معاشرے کی مختلف تہوں اور جہتوں کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔