میری بیٹی صدف سے بہت محبت کرتی ہے: شہروز سبزواری

July 26, 2021

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ اُن کی بیٹی نورے صدف کنول سے بہت محبت کرتی ہے اور یہ اُن کے لیے ایک بہت بڑی جیت ہے۔

حال ہی میں شہروز سبزواری اور اُن کی اہلیہ صدف کنول نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی نے اپنی ازدواجی زندگی اور کیرئیر کے حوالے سے گفتگو کی۔

دورانِ گفتگو میزبان نے شہروز سبزواری سے صدف کنول کی تین خوبیوں کے بارے میں پوچھا جس پر اداکار نے کہا کہ ’سب سے پہلی خوبی یہ ہے کہ صدف اپنا بہت زیادہ خیال رکھتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ہر وقت اچھی لگتی ہیں۔‘

شہروز سبزواری نے کہا کہ ’دوسری خوبی یہ ہے کہ صدف میری بہنوں سے بہت زیادہ پیار کرتی ہیں اور میری بہنوں کے ساتھ صدف کے بہت اچھے تعلقات ہیں۔‘

اداکار نے اہلیہ کی تیسری خوبی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’نورے صدف کی سگّی بیٹی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی صدف نورے کو سگّی بیٹی کی طرح رکھتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’دوسری جانب نورے بھی صدف سے بہت زیادہ محبت کرتی ہے اور انہیں پسند بھی کرتی ہے جو میرے لیے بہت بڑی جیت ہے۔‘

واضح رہے کہ نوجوان پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے گزشتہ سال کورونا وائرس کے باعث ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ و ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔

شہروز سبزواری معروف اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے ہیں اور یہ ان کی دوسری شادی ہے۔

اداکار شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف تھیں جن سے اُن کی ایک بیٹی نورے ہے۔