پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے کہا ہے کہ اُن کی سابقہ بہو سائرہ یوسف اور موجودہ بہو صدف کنول دونوں ہی اُن کی بیٹیاں ہیں۔
سوشل میڈیا پر بہروز سبزواری کے ایک انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں سائرہ یوسف اور صدف کنول کے بارے میں گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں بہروز سبزواری نے کہا کہ ’ہمارے اہلِ خانہ کے لیے سال 2020ء کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ بہت مشکل رہا ہے کیونکہ اس سال میں ہم نے بہت سے اُتار چڑھاؤ دیکھے۔‘
بہروز سبزواری نے کہا کہ ’سائرہ میری بیٹی ہے کیونکہ وہ میری پوتی کی والدہ ہے اور میں اُنہیں بہت سپورٹ کرتا ہوں جبکہ اب اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے صدف کے روپ میں ایک اور بیٹی بھی دے دی ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں بہروز سبزواری نے کہا کہ ’جب سائرہ اور شہروز کی علیحدگی ہوئی تو اُس وقت میری اہلیہ بہت جذباتی ہوگئی تھیں لیکن میرا ماننا یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کے نصیب میں جو لکھا ہے وہ ہو کر ہی رہے گا۔‘
اداکار نے کہا کہ ’ہر کام میں بہتری ہوتی ہے، اگر اللّٰہ تعالیٰ کو یہ منظور تھا تو اس میں ہماری بہتری ہوگی، اسی وجہ سے یہ سب ہوا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’یہی زندگی ہے، یہاں کوئی کام اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتا۔‘
واضح رہے کہ نوجوان پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے گزشتہ سال کورونا وائرس کے باعث ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ و ماڈل صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔
شہروز سبزواری معروف اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے ہیں اور یہ ان کی دوسری شادی ہے۔
اداکار شہروز سبزواری کی سابقہ اہلیہ سائرہ یوسف تھیں جن سے اُن کی ایک بیٹی ہے۔