یوایچ سی کے 524طلباءکیلئے وظائف کی منظوری

July 27, 2021

لاہور (خصوصی نمائندہ)احساس پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 524طلبہ کیلئے وظائف کی منظوری دیدی گئی۔ سکالر شپس یو ایچ ایس کے الحاق شدہ19کالجوں کے نادار طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پراجیکٹ فیز ٹو کی مد میں4کروڑ31لاکھ روپے سے زائد کی رقم جاری کردی ہے۔ یہ وظائف چار اور پانچ سالہ انڈر گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخل نادار طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔ سکالر شپ کی مد میں طلبہ کو سو فیصد ٹیوشن فیس کے علاوہ ماہانہ اخراجات کیلئے بھی رقم فراہم کی جائیگی۔ ان وظائف میں سے 50فیصد سکالر شپ لڑکیوں اور دو فیصد سپیشل طلبہ کیلئے مخصوص کیے گئے ہیں۔ یو ایچ ایس کے جن امیدواروں کو سکالرشپ دیے جائیں گے ان میں علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کے49، امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کے 20، آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد کے 4، ڈی جی خان میڈیکل کالج کے 26، ڈیمونٹ مورنسی کالج آف ڈینٹسٹری لاہور کے 27، گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے 13، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کے 22، نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری ملتان کے 13، انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور کے 2، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور کے 71، ساہیوال میڈیکل کالج کے 26، سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کے48 ، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان کے 52، سکول آف آلائیڈ ہیلتھ سائنسز لاہور کے 45، شیخ خلیفہ بن زید النہیان میڈیکل کالج لاہور کے 10، پونچھ میڈیکل کالج راولا کوٹ کے 8، شیخا فاطمہ انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ لاہور کے 34اور محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج میرپور آزاد جموں و کشمیر کے 3، نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کے 4اور یو ایچ ایس کے 47طلبہ شامل ہیں۔ وظائف کی رقم رواں ہفتے متعلقہ کالجوں کو بھیج دی جائے گی جبکہ منتخب ہونے والے طلبہ اپنے اپنے کالجز سے وظائف کی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔