موسیقار و گلوکار سالار شمس پر متعدد خواتین کا ہراساں کرنے کا الزام

July 29, 2021

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) موسیقار و گلوکار سالار شمس بھی جنسی ہراسگی کے الزام کی زد میں آ گئے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق سالارشمس پر متعدد خواتین نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں سالار کی طرف سے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔سالار کے ساتھ ہونے والی ایک خاتون کی واٹس ایپ چیٹنگ کا سکرین شاٹ بھی انسٹاگرام پر شیئر کیا گیاہے جس میں سالار اس خاتون کے ساتھ کی گئی اپنی حرکت پر معافی مانگ رہا ہوتا ہے اور کہہ رہا ہوتا ہے کہ اس نے شراب پی رکھی تھی، جس کی وجہ سے اس سے یہ حرکت سرزد ہوئی۔رپورٹ کے مطابق وال آف شیم پاکستان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پرسالار کی تین مختلف لڑکیوں کے ساتھ چیٹنگ کے سکرین شاٹس پوسٹ کیے ہیں۔ ان میں سے ایک لڑکی کی عمر محض 16سال ہے۔ سالار شمس نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سکرین شاٹس جعلی ہیں۔سالار نے جواباً کچھ سکرین شاٹس بھی پیش کیے ہیں اور کہا ہے کہ ان لڑکیوں کے ساتھ ہونے والی اصلی چیٹنگ یہ ہے۔ ان کے اسکرین شاٹس کو ایڈیٹنگ کے ذریعے جعلی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔