ایئر کنڈیشنرز کی وجہ سے دنیا میں عالمی حدت بڑھنے لگی

July 29, 2021

نیویارک /کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں ایئر کنڈیشنر کے بڑھتے استعمال کی وجہ سے کرۂ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے عالمی حدت جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکی ماہر ایرک ڈین ولسن نے کتاب لکھی ہے جس میں ایئر کنڈیشننگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا ذکر کیا گیا ہے۔ جدید دور میں فریج، فریزر اور ایئر کنڈیشنز میں استعمال ہونے والی گیس 1930ء کی دہائی میں پہلی مرتبہ متعارف کرائی گئی تھی جسے سی ایف سی یا کلورو فلورو کاربن یا پھر فریئون کہا جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ کیمیکل اشیاء سے خارج ہو کر ماحول میں پھیل گیا جس کی وجہ سے زمین کے گرد موجود بالائے بنفشی شعاعوں کو روکنے والی گیس اوزون کی تہہ کو نقصان ہوا اور اس میں سوراخ ہوگیا۔ 1987ء میں عالمی سطح پر ایک معاہدہ کیا گیا جس کے بعد سی ایف سی کی پیداوار پر پابندی عائد کی گئی۔ سی ایف سی کے متبادل کی طور پر استعمال ہونے والی نئی گیس ایچ ایف سی کے اگرچہ اوزون پر منفی اثرات نہیں ہیں لیکن اس کی وجہ سے ماحولیاتی حدت میں اضافے کے ساتھ دیگر کئی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ ولسن کا کہنا ہے کہ ایئر کنڈیشننگ سے بچنے کیلئے بہتر طریقہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت اگائے جائیں۔ ایسے اقدامات کیے جائیں کہ گلیوں میں سڑکوں پر ہر جگہ سبزہ نظر آئے اور یہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ماہرین موجود ہیں جو جدید انفرا اسٹرکچر کو ماحول دوست بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔