پاکستانی کمپنیاں نائیجیریا میں کاروباری مواقع تلاش کریں ،ہائی کمشنر بیلو ابیوئے

July 29, 2021

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر)پاکستان میں تعینات نائیجیریا کے ہائی کمشنر بیلو ابیوئے نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کیساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، نائیجیریا اور پاکستان کے مابین زراعت کے سازوسامان، انفارمیشن ٹیکنالوجی،فارماسوٹیکلز،سیاحت اور ٹیکسٹائل سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبرکے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ نائیجیریا پاکستانی شہریوں کو آمد پر بزنس ای ویزا کی سہولت فراہم کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں نائیجیریا میں کاروباری مواقع تلاش کریں۔ اسلام آباد چیمبر کے صدر یاسر الیاس نے کہا کہ نائیجیریا پاکستان سے اپنی درآمدات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تیل و گیس، کانکنی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔