بھارت افغان حکومت اور طالبان سےدہرا کھیل کھیل رہا ہے، حامد موسوی

July 29, 2021

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ کوئی بھول میں نہ رہے پاکستان کی یکجہتی،نظریہ اساسی اورمسلمہ عقائدپر ہر حملے کا دفاع کریں گے ، بیرونی ممالک کی تنخواہ دار قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم کو متحدہونا ہوگا۔خارجہ پالیسی کی واضح سمت کا تعین کیا جائے امریکہ اور اس کے پٹھوؤں کی جانب دیکھنا ترک کیا جائے ، افغان پالیسی کو پارلیمنٹ میں لاکر مشترکہ موقف اختیار کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے اعلی سطحی اجلاس کے پہلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں شریک ملک بھر کے صوبائی و مرکزی ذمہ داران محرم الحرام کے حوالے سے پالیسی کو حتمی شکل دیں گے ۔ آغا حامد موسوی نے کہاکہ آزمائشوں مشکلات میں امریکہ کو پرکھنے کے باوجود آج بھی کچھ قوتیں امریکہ سے آس لگائے بیٹھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک افغانستان کو ہمیشہ پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی بھارت افغان حکومت اور طالبان کے ساتھ دوہرا کھیل کھیل رہا ہے ،پاکستان کو ماضی سے سیکھنا ہو گا اور بہت زیادہ ہوشیار رہنا ہوگا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ اربوں کھربوں کی مالک کالعدم جماعتوں کو کھالوں کی ہر گز ضرورت نہیں لہذا صرف اشتہار شائع کرکے ذمہ داریوں سے عہدہ برآ نہیں ہوا جا سکتا۔