• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کا معاشی طور پر مستحکم ہونا ملکی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے،ماہ جبیں شیران

کوئٹہ (خ ن)اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے اٹنرنیشنل ٹریڈ سینٹراور وومن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ بلوچستان کے اشتراک سے کوئٹہ میں ای کامرس و ڈیجیٹل ایمپلائی ایبلیٹی اسکلز کے حوالے سے خواتین کے لئے دوروزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بلوچستان بھر سے تیس خواتین نے شمولیت اختیار کی۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد، خواتین کی معاشی خود مختاری کے لئے ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور فری لانسگ کے ساتھ سوشل انٹر پرینیورشپ کے شعبوں میں ان کی کاروباری معلومات، صلاحیت و عملی مہارت کو بڑھانا ہے۔ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد انٹرنیشنل ٹرید سینٹرکے زیر منتظم یورپی یونین فنڈڈ پروجیکٹ برائے دیہی پائیدر ترقی (جی آر اے ایس پی) کے تعاون سے کیا گیا۔ ٹریننگ میں سہلکاری (تربیت کاری) کے فرائض بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سوشل انٹرپرینیور، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس کے ماہر خالد میر نے انجام دیئے، جو خود بھی گزشتہ کئی سال سے ای کامرس و انٹرپرینیورشپ سے وابستہ ہیں اور اسی حوالے سے ملک کے معایہ ناز تعلیمی اداروں سمیت سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل اسکلز اور ای کامرس کے حولاے سے ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں۔ ورکشاپ میں زیرِ بحث موضوعات پر جامع معلومات اور رہنمائی کے لئے شرکا کو تین ماہ کے لئے پِیل اکیڈمی کے ویڈیو ریکارڈڈ کورسز تک رسائی بھی فراہم کی گئی تا کہ خواتین ان ویڈیو کوسرز کے ذریعے ای کامرس، فری لانسگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے متعلق تفصیل کے ساتھ سیکھ کر اپنا آن لائن کاروبار شروع کر سکیں۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر، پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقیِ نسواں ماہ جبیں شیران، محکمہ وومن ڈیولپمنٹ کے سیکرٹری ظفر بلیدی نے شرکت کی اور تمام شرکا کو ٹریننگ سرٹیفیکٹ فراہم کئے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ، خواتین کا معاشی طور پر مستحکم ہونا ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ناگزیر ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور ای کامرس جیسے شعبوں کے متعلق معلومات و مہارت کے بنا اس مقصد کا حصول بہت ہی مشکل ہوگا اس لئے اپنے محکمے اور شراکت دار اداروں کے باہمی تعاون سے خواتین کو خودمختار بنانے کے لئے عہد حاضر کی جدید مہارتوں کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقیِ نسواں ماہ جبیں شیران نے بلوچستان کی خواتین کے لئے ای کامرس اور ڈیجیٹل اسکلز کی تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر کوئٹہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کا ادارہ خواتین کی ترقی و خود مختاری کے لئے اس طرح کے کام جاری رکھے گا۔
تازہ ترین