مفادات کی سیاست کا نقصان جماعت کو ہوگا‘ ن لیگ

July 29, 2021

کوئٹہ (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ سے خاران ایم ایس ایف کے وفد نے کوئٹہ ڈسٹرکٹ آفس میں ملاقات کی جس میں پارٹی امور ودیگر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے رحیم کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے اور عوام کی اکثریت آج بھی قائد میاں نوازشریف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جس میں مسلم لیگ(ن) کا وجود تو موجود ہے مگر اندرون صوبہ شخصی اور قبائلی معاشرے میں سیاست تقسیم ہے جہاں تک مسلم لیگ(ن) کا تعلق ہے اس سے سیاسی طور سے وقتی فائدے اٹھائے گئے اورپارٹی کو اپنے مفاد کیلئے چلانے کا انجام آج سب کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ذاتی مفاد اور نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کی وجہ سے پارٹی صوبے میں شدید مشکلات کا شکار ہے ۔سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا ہے ضلعوں کی سطح پر تنظیموں کی بات سننے والا کوئی نہیںلہٰذا ضروری ہے کہ صوبے کے صدر اور جنرل سیکرٹری میں سے کوئی ایک عہدہ کوئٹہ کو دیا جائے کیونکہ کوئٹہ کی آبادی جو اس وقت45لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے یہاں پارٹی کو فعال کرنے میں آسانی ہو۔درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے بیان میں مزید کہا کہ امریکہ نے گزشتہ چالیس سال سے افغانستان میں کشت وخون کا بازار گرم کیا ۔روسی جارحیت میں پاکستان اور افغانون کو استعمال کیا اور پھر طالبان کے خلاف نیٹو اور خود میدان میں آیا اورپاکستان کی سرزمین کو استعمال کیا۔دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں ہزاروں پاکستانی شہید ہوئے اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ اب جبکہ امریکہ افغانستان سے نکل رہاہے توافغان حکومت اور طالبان کو پھر لڑایا جارہاہے اس صورتحال میں پاکستان کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ وہاں امن قائم ہو۔