موجودہ حالات میں قوم کو ایک اور بھٹو کی ضرورت ہے‘صادق عمرانی

July 29, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ملک میں جب کسی بھی چیز کی قیمت ایک مرتبہ بڑھ جائے تو اس میں کمی اندھے کے خواب جیسی ہے۔ ایک تسلسل کے ساتھ یہی راگ الاپا جارہا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر17 ارب ڈالر سے تجاویز کرگئے۔ تعمیرات سیمنٹ ٹیکسٹائل اور آٹو سیکٹر کو جنگی بنیادوں پر ترقی دی جارہی ہے اس لفاظی مرہم پٹی سے مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں گھائل عوام کو بھلا کیا فائدہ، بس ہر جائز و ناجائز جواز سے اپنے غیر حقیقی اقتدار کو دوام دینے کی سرتوڑ کوششوں کے سوا اور کچھ نہیں۔ حکمرانوں کا یہ عالم ہے کہ سوائے اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینے کے اور کچھ کام ہی باقی نہیں رہا۔ معاشی بربریت کی انتہا تو یہ ہے کہ سلطنت عمرانیہ عوام کو معاشی آسیب میں جکڑ کر اپنے خلاف کسی بھی اٹھنے والی تحریک کا حصہ بنا نہیں دینا چاہتی۔ ایسا ہی حربہ مشرف دور میں کامیابی کے ساتھ آزمایا گیا۔ جب لوگوں کی عزت نفس مجروح کرتے ہوئے انہیں آٹے کے ایک تھیلے کے حصول کی خاطر قطاروں میں کھڑا کردیا گیا۔ پٹرولیم مصنوعات میں گزشتہ 13ماہ کے دوران ریکارڈ اضافہ اسی معاشی بربریت کی ایک کڑی ہے۔ ایک سال میں پٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا گیا۔ اس ایک ایک برس کے دوران آٹا، چینی، گھی، خوردنی تیل، چائے کی پتی، دودھ، دالوں، مصالحہ جات، صابن، ٹوتھ پیسٹ، پھل، سبزی، مٹن کے علاوہ کوئی چیز ایسی نہیں بچی جسے کہا جائے کہ اس میں عوام کو ریلیف دیا گیا۔ الٹا جس چیز پر نیازی اینڈ کمپنی نے نوٹس لیا اس کا مزید بیڑا غرق ہوگیا۔ صادق عمرانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی کے بعد اب سونامی سرکار سی پیک کو بھی سردخانے کی نذر کردینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا فقدان مضبوط سے مضبوط معاشرے کو شکست حالی سے دوچار کردیتا ہے ملک کے گمبھیر تر ہوتے ہوئے حالات میں قوم کو ایک اور بھٹو کی اشد ضرورت ہے۔