مریم نواز کورونا کا شکار، عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا

July 29, 2021

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔

مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر آج عدالت میں پیش ہونا تھا۔

انہوں نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مانگا ہے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے توسط سے مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرا ئی گئی۔

معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے۔

معاون وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ کی مریم نواز سے ملاقات ہوئی تھی، جس کی وجہ سے ڈاکٹرز نے انہیں بھی کچھ دن آئیسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

مریم نواز کے کورونا پازیٹو ہونے کی لیب رپورٹس کو بھی درخواست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سزا کے خلاف اپیل پر سماعت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کے کیس کی سماعت 4 اگست تک ملتوی کر دی۔