کیٹامین ڈپریشن کے خاتمے میں مددگار ہے، چینی سائنسدانوں کی تحقیق

July 30, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) شنگھائی میں سائنس دانوں نے ایک ایسے مالیکیولر میکنزم کا پتہ لگایا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کیٹامین کس طرح ڈپریشن کو تیزی سے ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ نئی ریسرچ ڈپریشن کے خاتمے کیلئے کیٹامین پر مشتمل دوائوں کی تیاری میں مدد دے گی اور مریضوں کیلئے قلیل وقت کے علاج کی راہ ہموار ہوگی۔ سینٹر فار ایکسی لینس ان برین سائنسز اینڈ انٹیلی جنس ٹیکنالوجی میں ڈاکٹر ژو شوجیا کی زیر قیادت سائنسدانوں کی ٹیم نے کیٹامین اور این میتھائیل ڈی ایسپاریٹک ایسڈ (این ایم ڈی اے) رسیپٹر کو آپس میں جوڑنے پر کام کیا۔ این ایم ڈی اے رسیپٹرز دماغ میں کیلشیم کے داخلے کو روکنے کیلئے اور سگنلنگ مالیکیول کی طرح ا ستعمال ہوتے ہیں۔ جب این ایم ڈی اے رسیپٹرز کو گلوٹامیٹ فعال بنا دیتے ہیں تو اس سے کیلشیم کو دماغ کے نیورونز میں داخل ہونے کی اجازت مل جاتی ہے اور جب یہ رسپیٹر سرگرم انداز سے فعال ہوتا ہے تو زیادہ کیلشیم نیورونز میں پھیل جاتا ہے جس سے کورٹیکس کو نقصان ہوتا ہے اور دماغ کو ڈپریشن جیسے مسائل اور بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔ ڈاکٹر ژو نے بتایا کہ جب کیٹامین کو این ایم ڈی اے رسیپٹرز کے ساتھ جوڑا گیا تو نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ڈپریشن کے آثار فوری طور پر زائل ہونا شروع ہو جاتے ہیں جبکہ خودکشی کے رجحان پر مشتمل سوچ بھی چند ہی گھنٹوں میں زائل ہو جاتی ہے۔