کورونا کیسز: آرٹس کونسل کا تقافتی و دیگر سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا فیصلہ

July 30, 2021

صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبا ان دنوں شدت اختیار کر رہی ہے، صورتحال تشویشناک ہونے کے باعث آرٹس کونسل نے اپنی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالات ساز گار ہونے تک مختلف ثقافتی سرگرمیاں، تقریبات اور آرٹس کونسل کی تمام اکیڈمیز کی کلاسز بند کی جارہی ہیں، جن میں میوزک اکیڈمی، ڈانس اکیڈمی، تھیٹر اکیڈمی اور آرٹس کونسل انسیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس شامل ہیں۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ کلاسز کھولنے کا دوبارہ اعلان حکومت سندھ کے اسکول کھولنے کے فیصلے سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کلاسز اور ثقافتی سرگرمیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ آرٹس کونسل نے ہمیشہ شہریوں کی صحت کو ترجیح دی ہے۔

محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ اس ضمن میں آرٹس کونسل کراچی میں گزشتہ 5 ماہ سے قائم ویکسینیشن سینٹر سے ممبران آرٹس کونسل سمیت ان کے اہلِ خانہ، ادیب، شاعر اور فنکار برادری کی بڑی تعداد کورونا سے بچاؤ کا ٹیکہ لگواچکے ہیں، آرٹس کونسل کراچی میں ویکسین لگانے کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔