لاک ڈاؤن پر وفاقی وزراء کی تنقید پر مرتضیٰ وہاب کا جواب

July 31, 2021

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کل سے صوبے میں لاک ڈاؤن لگانے کے بعد وفاقی وزراء کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء غلط بیانی کررہے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وزیراعلی سندھ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسدعمر اور عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے بات کی، ان رابطوں کے باعث وفاقی وزراء غلط بیانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ طے ہوا تھا کہ این سی او سی سے نوٹیفکیشن جاری ہوگا، ڈرافٹ نوٹیفیکشن این سی او سی کے ساتھ شیئر کی، ہم نے زبانی نہیں بلکہ تحریری بات کی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہیں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی پر ان کا اعتراض تھا، ہم نے ترمیمی نوٹیفیکشن جاری کردیا لیکن کہیں پر یہ نہیں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن نہ لگائیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت کےترجمان نےاعتراض کردیا، بزدار صاحب نےلاہورمیں سخت لاک ڈاؤن لگایا تو ہم نے تنقید نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ کہا گیا کہ یہ سندھ حکومت کو اختیار نہیں ہے ، سندھ حکومت ہرممکن کوشش کرتی ہے کہ وفاقی حکومت سےرابطہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 12،14گھنٹوں میں بہت سارے بیانات سامنے آئے، وفاقی وزیراطلاعات نے متنازعہ بیان دیا جبکہ ہم نے محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن این سی اوسی سے مشاورت کرکے جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ کل وزیراعلی سندھ نے کورونا کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا، شہریوں سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی۔

وزیراعلیٰ نے سنگین حالات کا پیغام دیتے ہوئے گزارش کی کہ اس اہم ایشو پر سیاسی تنقید نہ کی جائے، ذمہ دارحکومت کافرض نبھاتے ہوئے سخت فیصلے کیے۔