ڈینش یوٹیوبر ویڈیو شوٹنگ کے دوران اطالوی پہاڑوں سے گِر کر ہلاک

July 31, 2021

معروف ڈینش یوٹیوبر البرٹ ڈیرلینڈ اٹلی کے بلند پہاڑی سلسلے ایلپس پر ایک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران گِر کر ہلاک ہوگئے۔

22 سالہ ڈینش یوٹیوبر وال گارڈینا میں 656 فٹ بلند ماؤنٹ سیکسڈا سے نیچے گر گئے جس کے بعد انہیں بچانے کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھی تعینات کیا گیا لیکن ڈیرلینڈ کو بچایا نہیں جا سکا اور وہ اتنی بلندی سے گرنے کے بعد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

البرٹ ڈیر لینڈ کی والدہ وائب جارگر جینسن نے ڈینش نیوز چینل پر یوٹیوبر کی موت کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے درخواست کی کہ یوٹیوبر کے مداح ان کے خاندان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔

ڈیرلینڈ کی والدہ نے کہا کہ ’ہم بڑے صدمے میں ہیں لیکن میں چاہوں گی کہ ان کے مداحوں کو اس بارے میں معلوم ہو۔‘

خیال رہے کہ ڈیرلینڈکے یوٹیوب پر 171,000 اور انسٹاگرام پر 235,000 سے زائد فالوورز ہیں۔

وہ اپنے گانے ’ایموجی‘ اور ’ویفلز‘ اور 2019 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ، ’ٹیم البرٹ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔