عوام کیلئے پانی اور بجلی کا مطالبہ نہیں حکومت کا محاسبہ کرینگے، بی این پی

August 01, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ مکران اور نصیر آباد ڈویژن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ہونے والا عوامی احتجاج حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے ، بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے حکومت کا محاسبہ کریں گے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مکران اور نصیر آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے طلباء کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مکران اور نصیر آباد ڈویژ ن اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ایسے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ نوجوان مجبور ہوکر کوئٹہ آکر بجلی اور پانی کیلئے احتجاج کررہے ہیں ، لیکن بلوچستان پر مسلط سلیکٹڈ حکومت کو بلوچستان کے لوگوں سے نہیں اپنی ذات سے غرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے حس حکومت سے عوام کو پانی اور بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ نہیں کریں گے بلکہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے حکومت کا محاسبہ کریں گے ۔