سبیکا امام نے صدف کنول کو ’فیمینزم‘ کی درست تعریف بتا دی

August 01, 2021

پاکستان فیشن انڈسٹری کی ٹاپ اور معروف ماڈل سبیکا امام نے صدف کنول کے حالیہ بیان پر اُنہیں ’فیمینزم‘ کی درست تعریف بتا دی۔

سبیکا امام نے صدف کنول کے حالیہ بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’جب آپ کو فیمینزم کی درست تعریف معلوم نہ ہو تو آپ یہ کہنا شروع کر دیتے ہیں کہ شوہر کے کپڑے استری کرنے چاہئیں وغیرہ۔‘

اپنے اگلے ٹوئٹ میں سبیکا امام نے فیمینزم کی درست تعریف بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’حقوقِ نسواں (فیمینزم) تمام صنفوں کے مساوی حقوق اور مواقع کے بارے میں ہے۔‘

سبیکا امام نے لکھا کہ ’یہ خواتین کے متنوع تجربات، شناخت، علم اور طاقتوں کا احترام کرنے اور تمام خواتین کو ان کے مکمل حقوق کا احساس دلانے کی کوشش کرنے کے بارے میں ہے۔‘

واضح رہے کہ صدف کنول نے کہا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ آپ اپنے شوہر کو شوہر سمجھیں اور شوہر کا درجہ اوپر ہونا چاہیئے کیوں کہ وہ آدمی ہے، بیوی کو کھلاتا ہے، بچوں کو سنبھالتا ہے، میں بھی اگرچہ کام کرتی ہوں لیکن شوہر کے مقابلے میں نہیں آسکتی۔

صدف کنول نے کہا تھا کہ بیوی ہونے کے ناتے مجھے شہروز کی ہر پسند ناپسند کا پتہ ہونا چاہیئے، اب بہت فیمینسٹ اور لبرلز آگئے ہیں جنہوں نے اس خیال کو تبدیل کیا ہے لیکن میرے خیال میں فیمینزم یہی ہے کہ میں اپنے شوہر کا خیال رکھوں۔