شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی نے پہلا بیان جاری کردیا

August 02, 2021

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی نے شوہر راج کندرا کی فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتاری کے بعد اپنا پہلا بیان جاری کردیا ہے ۔

شلپا شیٹی نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد جاری اپنے ایک طویل بیان میں لکھا کہ ’ہاں! پچھلے کچھ دن میرے لیے ہر محاذ پر چیلنجنگ رہے ہیں، بہت سی افواہوں اور الزامات کا سامنا ہے، میڈیا کی جانب سے میرے لیے بہت سی غلط باتیں بھی کی گئیں اورنیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ناصرف مجھ سے بلکہ میرے خاندان کو بھی سوشل میڈیا ٹرولنگ اور سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔‘

شلپا شیٹی نےاپنا مؤقف دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرا مؤقف یہ ہے کہ میں نے ابھی تک اس معاملے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کروں گی کیونکہ یہ کیس عدالت میں ہے ، لہذا برائے مہربانی ! مجھ سے جھوٹے حوالوں کو منسوب کرنا بند کریں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’بطور مشہور شخصیت میں اپنےفلسفے کو دہراتی ہوں کہ نہ کبھی شکایت کریں اورنہ کبھی وضاحت دیں، میں صرف اتنا کہوں گی ، جیسا کہ یہ کیس زیرِتفتیش ہے تو مجھے ممبئی پولیس اور بھارتی عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔‘

اداکارہ نے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ایک خاندان کی حیثیت سے ، ہم اپنےلیے دستیاب تمام قانونی طریقوں کا سہارا لے رہے ہیں لیکن تب تک میں آپ سے عاجزی سے درخواست کرتی ہوں ، خاص طور پر بطور ماں کہ میرے بچوں کی خاطر ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔‘

انہوں نےلکھا کہ ’ آپ سے درخواست ہےکہ تصدیق کیے بغیر آدھی ادھوری معلومات پر تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔‘

اپنے بیان کے اختتام پر اداکارہ نے لکھاکہ ’ہم میڈیا ٹرائل کےحقدار نہیں ہیں، براہ کرم قانون کو اپناکام کرنے دیں۔ ‘