خاتم الانبیاء، حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے اُمت پر حُقوق

September 03, 2021

مولانا شعیب احمد فردوس

سرورِ کونین، خاتم الانبیاء، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کےامت پراحسانات بے حد و بے شمار ہیں۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کا علم، اس کی خوشنودی کے حصول اور ناراضی سے بچنے کے طریقوں کا علم ہمیں سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکے واسطے سے ہی عطا ہوا ہے۔ اگر اس امت کو " بہترین امت " کہا گیا ہے تو یہ نبی کریم ﷺ ہی کا فیضان و احسان ہے۔ جس طرح تمام مخلوقات میں سب سے افضل و اکمل نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ ہیں، اسی طرح امت پر آپ ﷺ کے حقوق بھی سب سے بڑھ کر ہیں،ان میں سے چندیہ ہیں:1۔آپ ﷺ کی اطاعت و اتباع کرنا۔2۔نبی کریم ﷺ کی محبت کا دل میں ہونا۔ 3۔سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی عظمت اور ادب و احترام بجالانا۔ 4۔آپ ﷺپر دروروسلام کے ھدایا بھیجتے رہنا۔

اطاعت و اتباع رسول ﷺ :۔اطاعت و اتباع کے معنیٰ ہیں "حکم ماننا اور پیروی کرنا"۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں کئی مقامات پر نبی کریم ﷺ کی اطاعت و اتباع اور آپ ﷺ کی پیروی کا حکم دیا ہے۔ سورۃ الانفال میں ارشاد فرمایا:" اور اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کرو ،اگر تم ایمان والے ہو۔" ایک مقام پر رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کو اللہ کی اطاعت قرار دیا گیا۔ چناں چہ فرمایا: "جس شخص نے رسولﷺ کی اطاعت کی،اس نے (درحقیقت) اللہ( ہی)کی اطاعت کی۔"(سورۃ النساء: 80)

سورۂ آل عمران آیت31 میں اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کے حصول کو نبی کریمﷺ کی اطاعت و اتباع کے ساتھ مشروط قرار دیا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک مسلمان کے لئے نبی کریمﷺ کی اطاعت و اتباع کس قدر اہم اور ضروری ہے۔

نبی کریمﷺ کی ذاتِ گرامی سے غایت درجہ عشق و محبت:۔آں حضرتﷺ کا دوسرا حق امت پر یہ ہے کہ ہر مسلمان نبی کریمﷺ سے سچی محبت کرے۔ آپﷺ کی ذات اقدس کو اپنے والدین، بہن بھائیوں،اپنی اولاد، دوست احباب، اعزہ واقارب، اپنےاموال و تجارت حتیٰ کہ اپنی جان سے بھی زیادہ محبوب رکھے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے:" نبیﷺ مومنوں کے ساتھ خود ان کی جان سے بھی زیادہ تعلق رکھتے ہیں۔"(سورۃ الاحزاب: 6)

ایک اور آیت مبارکہ میں ارشاد فرمایا گیا:" ( اے پیغمبر) آپ (مسلمانوں سے) کہہ دیں کہ اگر تمہارے باپ، تمہارے بیٹے، تمہارے بھائی، تمہاری بیویاں، تمہارا خاندان ، وہ مال و دولت جو تم نے کمایا ہے ، وہ کاروبار جس کے مندا ہونے (گھٹ جانے) کا تمہیں اندیشہ ہے، اور وہ مکان جو تمہیں پسند ہیں، تمہیں اللہ اور اس کے رسول ﷺسے اور اس کے راستے میں جہاد کرنے سے زیادہ محبوب ہیں، تو انتظار کرو ، یہاں تک کہ اللہ اپنا (سزا کا) فیصلہ صادر فرما دے۔" (سورۃ التوبہ:24)

نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: " تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا، جب تک میں اسے اس کے والدین، اس کی اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔(صحیح بخاری:15)

سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی عظمت اور ادب و احترام:۔اللہ تبارک و تعالیٰ نے امت کے ہر ہر فرد کے لئے لازمی قراردیا ہے کہ وہ نبی کریمﷺ کی عظمت اور ادب و احترام کو ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھے۔ سورۃ الحجرات میں ارشاد ہے:" اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسولﷺ سے پیش قدمی نہ کرو(یعنی آگے نہ بڑھو)۔ " اس سے اگلی آیت میں ارشاد فرمایا:"اے ایمان والو! اپنی آوازیں نبی ﷺکی آواز سے بلند مت کیا کرو، اور نہ ان سے بات کرتے ہوئے اس طرح زور سے بولا کرو جیسے تم ایک دوسرے سے زور سے بولتے ہو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہارے اعمال برباد ہو جائیں اور تمہیں پتا بھی نہ چلے‘‘۔

نبی کریمﷺ پر درود وسلام:۔امت پر نبی کریمﷺ کا ایک اور حق آپﷺ پر درود وسلام بھیجنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:"بے شک ،اللہ اور اس کے فرشتے نبیﷺ پر درود بھیجتے ہیں۔اے ایمان والو! تم بھی ان پر درود بھیجو، اور خوب سلام بھیجا کرو۔" (سورۃ الاحزاب:56)

نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا " جو مجھ پر ایک مرتبہ درود پڑھے اللہ اس پر دس مرتبہ رحمت بھیجتا ہے۔" (صحیح مسلم)

حضرت علی ؓسے روایت ہے کہ اللہ کے رسولﷺ نے ارشاد فرمایا " بخیل (کنجوس) وہ شخص ہےجس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے، پھر وہ مجھ پر درود نہ بھیجے ۔(ترمذی : 3546)