وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ایچ پی وی سے بچاؤ کی ویکسین لگانا بہت ضروری ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ بہت کیسز دیکھے ہیں جن میں خواتین کی سروائیکل کینسر سے اموات ہوئیں۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ میرا اسکولوں میں آنا بہت کم ہوتا ہے۔ سردار شاہ اور شہزاد رائے کی بہت شکر گزار ہوں جو یہاں سے مہم کو لانچ کرنے کا موقع دیا۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ اس مرض کی بہت دیر سے تشخیص ہوتی ہے اور اس کی علاماتیں بہت معمولی ہوتی ہیں، آخر اسٹیج میں سروائیکل بہت تکلیف دہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک وائرس سروائیکل کینسر کرتا ہے، یہ ایک واحد کینسر ہے جس کی تشخیص کی جاسکی ہے اور اس سے بچاؤ ممکن ہے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ہم مائیں بہنیں اس قوم کو آگے لے کر جائیں گی، خواتین میں بہت طاقت ہے۔
علاوہ ازیں وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر صحت نے مجھے بتایا کہ متعدد اسکول ویکسی نیشن مہم میں تعاون نہیں کر رہے۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ میں نے فوری حکم دیا ہے اسکولوں کو کہ اس مہم میں تعاون کیا جائے، اس مہم میں میری کہیں بھی ضرورت پڑے میں حاضر ہوں، یہ ویکسین بچیوں کے لیے بہت اہم ہے۔