’پیچے تو دیکھو پیچے‘ سے راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کا انتقال ہوگیا ہے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوشل میڈیا انفلوئنسر نے اپنے بھائی کے انتقال کی خبر فالوورز کو دی۔
اب سے کچھ دیر قبل انسٹاپوسٹ اور اسٹوری شیئر کرتے ہوئے احمد شاہ نے یہ دکھ کی خبر دی ہے۔
انہوں نے عمر شاہ کے اچانک انتقال کی خبر دینے کے ساتھ لکھا کہ آپ سب عمر شاہ اور اہلِ خانہ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
عمر شاہ کے چچا زاد بھائی پیر نعمان کے مطابق عمر بالکل ٹھیک تھے، مگر رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی۔ الٹی آنے کے باعث کوئی چیز سانس کی نالی میں چلی گئی، جس کے بعد انہیں سول اسپتال لے جایا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ رات گئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
واضح رہے کہ احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں اپنے بڑے بھائی کے ہمراہ شرکت کرتے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں عمر شاہ کی آنکھوں کی سرجری ہوئی تھی۔
عمر شاہ اپنی معصوم مسکراہٹ، پیارے انداز اور شرارتی طبیعت کی وجہ سے مداحوں میں بےحد مقبول تھے۔ ان کے انتقال کی خبر نے اہلِ خانہ سمیت لاکھوں چاہنے والوں کو بھی غم میں مبتلا کر دیا ہے۔