بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو کھیل میں سیاست کو گھسیٹنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوریا کمار یادیو نے پاکستان سے میچ جیتنے کے بعد اختتامی تقریب میں کہا کہ ہم پہلگام واقعے کے متاثرین کے گھر والوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور آج کی جیت کو بھارتی افواج کے نام کرتے ہیں۔
علاوہ ازیں، میچ کے دوران بھی دونوں ٹیمز کے درمیان کشیدگی رہی نہ تو دونوں ٹیمز کے کپتانوں نے ٹاس کرتے ہوئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور نہ ہی بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا اور کئی دہائیوں پرانی اس کھیل کی روایات کی خلاف ورزی کی۔
بھارتی کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ دیکھنے اور میچ کے بعد بھارتی کپتان کی تقریر سننے کے بعد پاکستانیوں نے سوشل میڈیا پر بھارتیوں کو دلچسپ انداز میں ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کے دوران ہونے والی بھارتی افواج کی ہزیمت یاد دلا دی۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ’ہمارا قومی کھیل تو ویسے بھی بھارتی جہازوں کو گرانا ہے‘۔
دوسرے صارف نے لکھا ’بھارت کرکٹ جیت گیا لیکن پوڈیم پر ہار گیا۔ سوریا کمار یادو کی تقریر انتہائی افسوس ناک تھی‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ سوریا کمار یادو سیاست کو کرکٹ میں گھسیٹ رہے ہیں۔