پیغام استقلال

September 04, 2021

پیارے بچو6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع منایا جاتا ہےجسے یوم استقلال بھی کہتے ہیں۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے دستے سلامی دیتے ہیں، پاک فضائیہ کے طیارے فضا میں مارچ پاسٹ کرتے ہیں جب کہ بحری فوج کی سمندر میں پریڈ ہوتی ہے۔ ملک کی اہم شاہراہوں پر فلوٹ قطار کی صورت میں گزرتے ہیں جن پر جدید اسلحہ کی نمائش کی جاتی ہے۔ لیکن کیا آپ کو اس دن کی اہمیت کا علم ہے، اگر نہیں ہے تو ہم بتاتے ہیں، اس روز ہماری بہادر فوج نےدشمن کی کئی گنابڑی فوج کو شکست دے کر ملک و قوم کو بچایا تھا۔

ان کا یہ کارنامہ تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگیا ہے۔ 6؍ستمبر 1965 کوجب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اس دن پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانے سے شانہ ملائے کھڑی تھی ۔ فوجی جوان، میدان جنگ میں اپنی جانیں قربان کرکے بھارتی ٹینکوں اور فوجیوں کے پرخچے اڑا رہے تھے۔

ریڈیو پر ملی نغمے گونج رہے تھے جب کہ ملک کا ہر غریب ، امیر شخص ’’قومی دفاعی فنڈ‘‘ میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈال کر اپنی فوج کے ہاتھ مضبوط کررہا تھا۔ اس سترہ روزہ جنگ نے ساری دنیا پر واضح کردیا کہ جو قومیں متحد ہوتی ہیں، انہیں دنیا کی کوئی بھی طاقت تسخیر نہیں کرسکتی۔