زیادتی کا شکار ہونے والوں کو الزام دینا بہت تکلیف دہ ہے، ماہرہ خان

September 11, 2021

کراچی (آئی این پی) ہر دلعزیز اداکارہ و ماڈل ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ زیادتی کا شکار ہونے والوں کو الزام دینا بہت تکلیف دہ ہے اور اس کے معاشرے پر بہت برے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ماہرہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں زیادتی کے واقعات پر سامنے آنے والے ردِعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں زیادتی کا شکار ہونے والوں کو الزام دینے اور تفتیش کے دوران غیرضروری سوالات کا پوچھا جانا تکلیف دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی لڑکی زیادتی کا شکار ہوتی ہے تو ایسے موقع پر پوچھے جانے والے یہ سب سوالات غلط ہیں۔ماہرہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایسا مسئلہ ہے جس کے بارے میں اسکولوں میں پڑھایا جانا چاہیے، ٹی وی پر ایسے پروگرام ہونے چاہئیں جہاں بچوں کو اس بارے میں سمجھایا جائے کہ زیادتی کے واقعات میں زیادتی کا شکار ہونے والوں کو الزام دینا غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایسا محسوس کرتی ہیں کہ ہم اس حوالے سے کوشش کر سکتے ہیں اور اس سوچ کو بدل سکتے ہیں۔ ماہرہ خان نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور ٹیلی ویژن انڈسٹری اس مقصد کے لیے بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔