اسلام آباد سے روزانہ چھ سو ٹن کچرا اٹھایا جارہا ہے، انتظا میہ

September 14, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کے لئے سی ڈی اے کے شعبہ سینی ٹیشن نے خصوصی کاوشیں تیز کردی ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں شعبہ سینی ٹیشن اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے شہر بھر سے روزانہ کی بنیاد پر مختلف مقامات سے چھ سو ٹن سے زائد کچرا اٹھا رہا ہے، جس کو مختص شدہ ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا جاتا ہے۔ اس میں کچن ویسٹ، ویٹ ویسٹ، گرین ویسٹ اور دیگر کچرا شامل ہوتا ہے اس ضمن میں شعبہ سینی ٹیشن کا متعلقہ عملہ بلا تعطل دو شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ مزید برآں تجارتی مراکز کی صفائی کے لئے سینی ٹیشن کا عملہ الصبح سے لے کر رات گئے تک فلیڈ میں موجود ہوتا ہے۔ سینی ٹیشن سروسز میں گاربیج ٹرالی اور اسکپ کا بڑا اہم کردار ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے حالیہ پانچ سو گاربیج ٹرالیاں اور نئے سو اسکپ تیار کروا کر مختلف سیکٹروں میں رکھے گئے ہیں تاکہ اکھٹے کئے گئے کچرے کو محفوظ طریقے سے سٹور کیا جاسکے۔ اس سے کچرے کے کھلے ڈھیروں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں شعبہ سینی ٹیشن نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پندرہ ڈمپرز، چودہ اسکپ لفٹر، دو ایکسویٹر، پانچ مکینکل سویپر اور ایک جدید ٹرک ماؤنٹڈ میکینکل سوئیپنگ مشین، بارہ ٹریکٹر بکیٹس، دو ٹریکٹر بلیڈ، دو ٹریکٹر گرومر بھی متعارف کروائی ہے، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے بڑی شاہراوں کی صفائی کا معیار اور استعداد کار بھی بہتر ہوا ہے اور دوسری طرف اسٹاف کو ان شاہراوں پر کام کرتے ہوئے حادثات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اس میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ شعبہ سینی ٹیشن نے صفائی ستھرائی کا عمل شہری علاقوں سے بڑھا کر اسلام آباد کے نواحی اور مضافاتی علاقوں تک پھیلا دیا ہے جس میں لہتڑار روڈ، کھنہ پل، ترامڑی، علی پور فراش کے علاقے شامل ہیں۔ شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے شعبہ سینی ٹیشن کا کمپلینٹ سینٹر چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔