ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام وائس چانسلرزکیلئےتربیتی پروگرام

September 14, 2021

لاہور(خبر نگار) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلروں کے لیے 5روزہ تربیتی پروگرام کا اآغازگذشتہ روز کیاگیا۔ لاکھوں روپے کی لاگت سےہونیوالی تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب رابطے کے فقدان اور افسران کی عدم دلچسپی کے باعث دوسری بار بھی اعلی حکومتی نمائندوں کی شرکت سے محروم رہی۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت، صوبائی وزیر زراعت اور دیگر اہم اداروں کے سربراہوں نے شرکت کرنا تھی ، اخوت فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بطور مہمان خصوصی جبکہ سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب سید جاوید اقبال بخاری، چیئرمین پنجاب ہا ئیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد، سا بق و بانی چیئرمین ڈاکٹر محمد نظام الدین ،کمیشن ممبران ، صوبائی جامعات کے سربراہان سمیت ماہرین تعلیم اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا پاکستان کے مسائل معاشی سے زیادہ اخلاقی ہیں جامعات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن سید جاوید بخاری نے اس موقع پر کہاکہ جامعات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ نئے علوم کی تخلیق، اور خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ افتتاحی تقریب سے چئیرمین پنجاب ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد نےبھی خطاب کیا۔ رابطے کا فقدان یا حکام کی غفلت وائس چانسلرز کی تربیت کے لیے منعقدہ ورکشاپ میں کوئی حکومتی وزیر شریک نہیں ہواتاہم اس بارے میں پی ایچ ای سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزرا اپنی مصروفیات کے باعث اس تقریب میں شریک نہ ہوسکے۔