سرسید یونیورسٹی کی ارشد ندیم پر انعمات کی برسات

September 14, 2021

فخر پاکستان ارشد ندیم کی اولمپکس مقابلوں میں شاندار کارکردگی پر پورے ملک میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس اداےنے اولمپکس جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے سے قبل ہی ارشد ندیم کیلئے دو لاکھ روپے کی انعامی رقم اور گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیااور پچھلے ہفتے شاندار تقریب کے دوران یونیورسٹی کی جانب سے ارشد ندیم کو ایک لاکھ روپے کی اضافی انعامی رقم بھی دی گئی۔

سرسید یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایچ ای سی کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ جدید دور کے مطابق ہم آہنگ نہ ہونے کی وجہ سے کھیلوں کا معیار بہت نیچے چلاگیا ۔ کھیلوں کے میدان ختم ہوتے جارہے ہیں ۔ تربیتی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بھی کھیلوں کے معیار پر فرق پڑا ہے ۔ تاہم ایک مضافاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے ممتاز مقام حاصل کیا ۔

سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ کسٹم، ریلوے، بینک اور مخیر حضرات نے کھیلوں کی سرپرستی ختم کردی جس سے کھیلوں کے معیار پر اثر پڑا ہے ۔ کھیلوں کے معیار میں تنزلی کی ایک وجہ کھیل کے میدانوں کا فقدان بھی ہے ۔ کھیل کے میدان تجارتی مراکز میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔

نامساعد حالات کے باوجود ارشد ندیم نے ٹوکیواولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہر کیا اور فائنل تک پہنچے جس کے لیے وہ تعریف کے بجاطور پر مستحق ہیں ۔سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ ارشد ندیم نے نیزہ بازی کے کھیل کو مقبول عام بنا دیا ہے ۔ ٹوکیو اولمپک میں ان کی شاندار پرفارمنس نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں ۔ میں دیگر کھیلوں کی بھی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جیسے لیاری سے فٹبال اور باکسنگ کے بہت اچھے کھلاڑی تیار ہو سکتے ہیں ۔ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں سے ایک ہے جہاں پچاس فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

نصرت بھٹو وومین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ثمرین حسین نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی ذہین اور بلاصلاحیت ہیںاگر انھیں سازگار ماحول ملے تو وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکتے ہیں اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں ۔ انھوں نے اس موقع پر ارشد ندیم کو ایک لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا ۔قبل ازیں سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی شاندار پرفارمنس سے قوم کاسر فخر سے بلند کردیا ہے ۔

تقریب کے اختتام پر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے ایسی بہترین تقریب کے انعقاد پر سرسید یونیورسٹی کے اسپورٹس کنوینئرقاضی نصر اور اسپورٹس ڈائریکٹر مبشر مختار کی کوششوں کی تعریف کی ۔اس موقع پر کے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے شرکاء میں سرسید یونیورسٹی کے ڈین حضرات، شعبہ جات کے سربراہان، سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کی صدر حمیرا، محمد طالب، اولمپین سمیر حسین، ہاکی کے بین الاقوامی کھلاڑی محمدعلی خان، خالد رحمانی، عبدالباسط، اولمپینز اوردیگر شامل تھے۔