دلیپ کمار کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ

September 15, 2021

رواں برس جولائی میں انتقال کرجانے والے فلمی دنیا کے بے تاج شہنشاہ یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

دلیپ کمار کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دلیپ خاندان کے گزشتہ 21 برس سے ترجمان فیصل فاروقی نے جاری پیغام میں کہا کہ کافی بحث و مباحثے کے بعد اور سائرہ بانو جی کی رضامندی سے ، میں نے پیارے دلیپ کمار صاحب کا یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹوئٹ میں مداحوں کیلئے کہا گیا کہ آپ کی مسلسل محبت اور سپورٹ کا شکریہ۔

خیال رہے کہ سائرہ بانو کے شوہر لیجنڈ اداکار دلیپ کمار رواں سال 7 جولائی کو انتقال کرگئے تھے۔ سائرہ بانو نے 1961میں فلم جنگلی سے بالی ووڈ میں قدم رکھا جس کے بعد انہوں نے پڑوسن، ہیرا پھیری، دیوانہ اور امن جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی 1966 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے۔