ٹرمپ اپنے دورِ صدارت میں ہی افغان انخلا چاہتے تھے، کتاب میں انکشاف

September 15, 2021

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورِ صدارت میں ہی افغانستان سے انخلا چاہتے تھے، 2020 کے صدارتی انتخابات کے 8 روز بعد ٹرمپ نے 15 جنوری 2021 تک افغان انخلا کا خفیہ میمو جاری کیا۔

اس معاملے میں ٹرمپ نے اپنی قومی سلامتی ٹیم کو بھی اعتماد میں نہیں لیا۔ یہ انکشافات 21 ستمبر کو ریلیز ہونے والی امریکی صحافی باب وُڈورڈ اور رابرٹ کوسٹا کی نئی کتاب ’پیرل‘ میں سامنے آئے ہیں۔

مشہورِ زمانہ واٹر گیٹ اسکینڈل منظرعام پر لانے والے باب وُڈورڈ نے کتاب میں لکھا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک مِلی کو ٹرمپ کی جانب سے صدارت کے آخری دنوں میں چین پر حملے کا ڈر تھا۔

اس خدشے کے باعث جنرل مارک مِلی نے اپنے چینی ہم منصب کو حملہ نہ کرنے کی دو مرتبہ یقین دہانی کروائی۔

کتاب کے حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 6 جنوری کے کیپیٹل ہِل حملے کے تناظر میں جنرل مارک مِلی کو ٹرمپ کی دماغی حالت خراب ہونے کا یقین تھا۔