پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلی نے کہا ہے حکومتِ پاکستان کی وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ بالترتیب ایک لیٹر آف اِنٹینٹ اور ورک پلان پر دستخط کر کے خوشی ہوئی ہے۔
فرانسیسی سفارت خانہ اسلام آباد میں دستخط کی تقریب کے حوالے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فرانس سے پاکستان کو آلو کے بیج کی برآمد دونوں ملکوں کے درمیان زرعی تعاون میں نیا قدم ہو گا۔
معاہدے کا مقصد پودوں کی صحت کے معیار کو یقینی بناتے ہوئے تصدیق شدہ پودے لگانے کے مواد تک رسائی کی اجازت دے کر پاکستان میں فصلوں کی پیداوار بڑھانے میں مدد دینا ہے۔
دستخط شدہ ورک پلان کے تحت پاکستان کو برآمدات طے شدہ معائنے، جانچ اور سرٹیفکیشن کے طریقہ کار پر عمل در آمد ہو گا جس پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔
فرانس نے زرعی پیداوار، عذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے اس خیال کا اظہار کیا کہ زراعت، تجارت، تیکنیکی مدد، سرمایہ کاری، تربیت اور تعلیم سمیت تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔
فرانسیسی سفیر نے کہا کہ اس تناظر میں ہم پیرس انٹرنیشنل ایگریکلچرل شو کے موقع پر فرانس میں ایک مضبوط پاکستانی وفد کا خیر مقدم کرنے کی امید رکھتے ہیں، جو کہ ایک بڑا بین الاقوامی زرعی میلہ ہے، یہ آئندہ سال 21 فروری سے یکم مارچ تک پیرس میں منعقد ہو گا، یہ میلہ زرعی شعبے کے لیے بڑے بین الاقوامی اجتماعات میں سے ایک ہے۔